بنگلورو،7/مئی(ایس او نیوز) میڈیکل سیٹوں میں داخلے کے لئے کل ریاست بھر میں کروائے گئے نیٹ امتحانات میں جہاں ہزاروں کی تعداد میں بچوں نے شرکت کی اور امتحان لکھا وہیں ہبلی سے بنگلور آنے والے 400طلباء ٹرین کی آمد میں آٹھ گھنٹوں کی تاخیر کے سبب امتحان سے محروم ہوگئے تھے۔ اس کے بعد محکمہئ ریلویز، وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی، سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا، ریاستی بی جے پی قائدین اور دیگر تمام حلقوں کی طرف سے مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل سے گزارش کی تھی کہ ان 400 طلباء کے لئے این ای ای ٹی امتحان کا اہتمام الگ سے کیا جائے۔ مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڈیکر نے آج یہ اعلان کیا کہ ٹرین کی تاخیر کے سبب تعلیمی سفر کا اہم سنگ میل سمجھے جانے والے امتحان سے محروم ہونے والے تمام 400طلباء کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے امتحان دینے کا ایک اور موقع فراہم کیا جائے گا۔ کل امتحان سے محرومی کے سبب ان طلبا اور ان کے والدین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی تھی، امتحانی مرکز میں ان میں سے کسی بھی بچے کو داخل ہونے کا موقع نہیں دیا گیا تھا۔ اس کے بعد کل سے ہی مرکزی حکومت سے کئی حلقو ں نے نمائندگی کی اور گزارش کی کہ امتحان لکھنے کا موقع فراہم کرایا جائے۔ آج مرکزی حکومت کی طرف سے امتحان کروانے کا اعلان کیا گیا۔